میڈیا گروپ کا سربراہ ’جاسوسی اور اخلاقی بدعنوانی‘ کے الزام میں گرفتار
افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان حکومت نے ایک میڈیا گروپ کے سربراہ کو ’جاسوسی اور اخلاقی بدعنوانی‘ کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔
طالبان کے حمایتی نشریاتی ادارے دریچہ نے 30 جولائی کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری ایک خبر میں لکھا تھا کہ افغان طالبان کی وزارتِ امر بالمعروف و نھی عن المنکر نے تین میڈیا اداروں کے سربراہ ابوذر صارم سرپلی کو حراست میں لے لیا ہے۔
ان میڈیا اداروں پر الزام ہے کہ یہ اخلاقی بدعنوانی پھیلانے کے علاوہ غیر ممالک کے لیے جاسوسی بھی کرتے ہیں۔ دریچہ نے دعویٰ کیا کہ سرپولی کو متعدد شواہد اور دستاویزات کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔
دریچہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے سرپولی نے اخلاقی بدعنوانی کے علاوہ ’افغانستان میں اقوامِ متحدہ کے مشن، یونیسکو اور ایران سے مذہبی اور ثقافتی منصوبوں کے بدلے ہزاروں ڈالر وصول کرنے اور اسلام دشمن میڈیا اداروں کو خفیہ رپورٹس بھیجنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔‘